*⭕ غصہ ⭕*
♻️ غصہ کرنا حرام ہے۔
راہ خدا پر چلنے والے شخص کو اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔
غصہ انسان کے لیے دوسرے گناہوں، مثلاً غیبت، تہمت، گالم گلوج میں مبتلا ہونے کا سبب بنتا ہے۔ جب انسان کسی سے ناراض اور غضبناک ہوتا ہے تو وہ کینہ، عداوت، اور غیض و غضب کی آگ کو بجھانے کی خاطر غیبت کا مرتکب ہوتا ہے اور یہ خیال کرتا ہے کہ اپنے دشمن کی حیثیت اور آبرو کا خاتمہ کر کے سکون حاصل کرے گا۔ لیکن وہ اس نکتے سے غافل ہوتا ہے کہ اس طرح کے مواقع پر غصہ انسان کو کئی قسم کے نقصانات سے دو چار کرتاہے ممکن ہے انسان غصے کے نتیجے میں دین و دنیا دونوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
*🌹 حضرت امیر المومنین علی علیہ السّلام کا ارشاد ہے:*
غصہ، غضب ناک آدمی کو ہلاک اور اس کے عیوب کو ظاہر کر دیتا ہے۔
*📚 غررالحکم۔ص 292*
*🌹 امام محمد باقر علیہ السّلام فرماتے ہیں:*
غصہ شیطانی آگ کا ایک انگارہ ہے ، جو آدمی کے دل میں سلگائی جاتی ہے، جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اس کی آنتیں سرخ اور گردن کی رگیں پھول جاتی ہیں۔ اس دوران شیطان ان کے اندر داخل ہو جاتا ہے، لہذا جب تم میں سے کسی کو اپنے بارے میں اس بات کا خطرہ محسوس ہو تو وہ زمین پر بیٹھ جائے کیونکہ اس صورت میں شیطان وسوسہ اس سے دور ہو جائے گا۔
*🌹 امام علی رضا علیہ السّلام نے فرمایا:*
غصہ تمام برائیوں کی چابی ہے۔
چونکہ غصہ ہر برے کام کی چابی ہے لہذا آگر کوئی اپنے جذبات کو قابو میں رکھے اور غصے سے رکا رہے تو وہ ہر قسم کے نقصانات اور فتنوں سے محفوظ رہے گا۔
*🌹 امام صادق علیہ السّلام سے مروی ہے:*
ایک شخص نے رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے عرض کیا:
اے اللّٰہ کے رسول ص ! مجھے کچھ سکھائیے ۔
فرمایا:
جاؤ غصہ مت کیا کرو۔"
اس شخص نے عرض کیا :" یہی نصیحت میرے لیے کافی ہے۔" جب وہ اپنے قبیلے کے ہاں گیا تو ان کے درمیان جنگ ہونے والی تھی اور وہ ایک دوسرے کے سامنے صف آراء ہو چکے تھے۔
جنگی لباس پہنے جنگ کے لیے آمادہ تھے۔ یہ شخص بھی جنگی لباس پہن کر جنگجوؤں کی صف میں شامل ہو گیا۔ اتنے میں اسے اچانک رسول کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کا فرمان یاد آیا کہ غصہ نہ کیا کرو۔ پس اس نے اسلحہ اتارا اور وہ ان لوگوں کے پاس چلا گیا جو اس کے قبیلے کے دشمن تھے۔ اور کہنے لگا:
اے لوگو! اگر کسی کو مارنے، زخمی کرنے یا قتل کرنے کے باعث آپ لوگوں کا کوئی حق میری قوم کی گردن پر ہو تو میں اسے اپنے ذمہ لیتا ہوں اور خون بہا ادا کرتاہوں۔
یہ سن کر انھوں نے کہا:
( جب تو نے اچھائی کا مظاہرہ کیا ہے تو) ہم بھی تم سے کچھ نہیں مانگتے۔ کیونکہ ہم عفو و درگزر کے کام لینے کے زیادہ حقدار ہیں اور یوں ان کے درمیان صلح ہو گئی۔
*📚 اصول کافی۔ج 2 ، ص 304*
*🌹 امام محمد باقر علیہ السّلام سے منقول ہے:*
کون سی چیز غصے سے زیادہ سخت ہے؟
بےشک انسان غصے کی حالت میں ایسے انسان کو قتل کر دیتا ہے، جس کے قتل کو اللہ نے حرام قرار دیا ہو اور پاک دامن عورت پر بدکاری کا الزام لگاتا ہے۔
*📚 جامع السادات ۔ج 1 ، ص 288*
*🌹 امیر المومنین حضرت علی علیہ السّلام فرماتے ہیں:*
غصہ بھڑکتی آگ ہے ۔ جو اپنا غصہ پی جائے اس نے وہ آگ بجھالی، اور جس نے غصے کو بے لگام چھوڑ دیا تو سب سے پہلے خود اس کے شعلوں کی نزر ہوگیا۔
*🌹رسول خدا صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے فرمایا:*
جو کوئی اپنے غصے کو عملی جامہ پہنانے پر قادر ہونے کے باوجود اس کو پی جائے اللّٰہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے دل کو سکون اور ایمان سے مالا مال کر دے گا۔
*📚 اصول کافی۔ج 2, ص110*
*🌹 ارشاد نبوی ص ہے :*
جہنم کا ایک ایسا دروازہ ہے جس سے صرف وہی لوگ داخل ہوں گے جو اللّٰہ تعالیٰ کی نافرمانی کے ذریعہ اپنے غصے کو تسکین دیتے تھے۔
غصہ کیا ہے فرامین معصومین میں ؟
Reviewed by MOULANA SYED MUHMMAD TAQI NAQVI QUMI
on
September 13, 2024
Rating:
Reviewed by MOULANA SYED MUHMMAD TAQI NAQVI QUMI
on
September 13, 2024
Rating:
No comments:
Don't comment spam.